چنڈی گڑھ، 20جنوری(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)انگلینڈ اور کینیڈا میں 400سے زائد این آر آئی نے پنجاب میں کانگریس کو حمایت دی ہے اور وہ انتخابی مہم کے دوران پارٹی کے ساتھ شامل ہونے کی تیاری کر رہے ہیں۔اس ہفتے کے آخر میں دہلی سے اے آئی سی سی کے نائب صدر راہل گاندھی کی طرف سے ایک گروپ کو جھنڈی بھی دکھائی جائے گی۔250کے قریب این آر آئی انڈین اوورسیز کانگریس، انگلینڈ کی قیادت میں آئندہ دو دنوں میں پنجاب آ رہے ہیں جبکہ کینیڈا کے الگ الگ حصوں سے 150سے زائد تارکین وطن ہندوستانی بھی کانگریس کی انتخابی مہم میں حصہ لینے پہنچ رہے ہیں۔اس سمت میں انڈین اوورسیز کانگریس (کینیڈا)کے امرپریت اولکھ پہلے ہی ہندوستان پہنچ چکے ہیں اور انہوں نے پارٹی کو اپنی حمایت دی ہے۔اولکھ نے کہا کہ کینیڈا کے این آر آئی ریاست میں زمینی سطح پر پارٹی کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کیلئے کانگریس کی تشہیر میں مدد کریں گے۔انڈین اوورسیز کانگریس (انگلینڈ)کے صدر دلجیت سنگھ سہوتا نے اے آئی سی سی کے خارجہ امور سے متعلق سیل کے چیئرمین ڈاکٹر کرن سنگھ کو لکھے ایک خط میں کہا ہے کہ پنجاب کے انتخابات میں حصہ لینے کیلئے انگلینڈ سے این آر آئی آئیں گے اور یہاں زورو شور کے ساتھ کانگریس پارٹی کے امیدواروں کے حق میں تشہیر کریں گے۔سہوتا نے کہا ہے کہ کانگریس پارٹی کے پیغام کو لوگوں تک پہنچانے کیلئے این آر آئی ایک کرایہ کی بس پر ایک سے دوسرے اسمبلی حلقہ میں جائیں گے اور انہوں نے راہل گاندھی سے 23یا 24جنوری کو نئی دہلی سے بس کو جھنڈی دکھانے کی اپیل کی ہے۔